|
مرجعِ جہانِ تشیع حضرت آیت اللہ العظمی الحاج بشیر حسین نجفی(دام ظلہ الوارف) کا آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد اسحاق الفیاض (قدس سرہ) کی رحلت پر تعزیتی پیغام 4/6/2026 ![]() |
بسم اللہ الرحمن الرحیم ایّامِ خدا میں سے، ایک عظیم ترین دن میں، ہم اللہ سبحانہ و تعالیٰ
کے وعدوں پر کامل ایمان اور صبر و رضا سے سرشار دلوں کے ساتھ، ملتِ تشیع کے ایک
درخشندہ ستارے، جہانِ اسلام کے ممتاز اور مایہ ناز عالمِ دین، مرجعِ عالی قدر حضرت
آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد اسحاق الفیاض (قدس سرہ الشریف) کی رحلت کا اعلان کرتے ہیں۔ اس عظیم سانحۂ ارتحال اور مصیبتِ عظمیٰ پر—جس سے اسلام کے پیکرِ نور
میں ایک ایسا شگاف پڑ گیا ہے جو کبھی پُر نہ ہو سکے گا—ہم ولی اللہ الاعظم، امامِ
زمانہ حضرت حجت بن الحسن (ارواحنا لمقدمہ الفداء)، علماءِ اسلام، حوزاتِ علمیہ،
مرحوم کے معزز و محترم خانوادے اور تمام مؤمنین
کی خدمت میں دل کی گہرائیوں سے تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان پر اپنی رضا و رحمت کے شایانِ شان سائے فرمائے، وہ میرے
لیے بڑے بھائی اور حوزہ علمیہ کے لیے ایک شفیق و مہربان سرپرست تھے، جنہوں نے حوزہ علمیہ کے تحفظ، بقا اور
وقار کے لیے خود کو وقف کر رکھا تھا۔ انہوں نے علومِ دین کے بحرِ بے کراں سے فیض
پایا اور اس کی گہرائیوں میں غواصی کی، یہاں تک کہ وہ خود علم و معرفت کا ایک زلال
سرچشمہ بن گئے۔ وہ ہمارے عظیم ترین علماء
(رضوان اللہ علیہم) کے ساتھ اس طرح وابستہ رہے کہ ان بزرگوں کی رحلت کے بعد
وہ ہی ہمارے لیے تسکینِ قلب کا باعث اور عظیم اسلاف کی نشانی تھے۔ آج دیارِ نجف اشرف کے یہ بزرگ
علمی سالار ہم سے رخصت ہو گئے ہیں، تاکہ حوضِ کوثر پر امیر المومنین علیہ
السلام کے حضور اپنی ابدی عقیدت و ولاء کی تجدید کر سکیں۔ إنّا لله وإنّا إليه
راجعون، ولا حول ولا قوّة إلا بالله العليّ العظيم. بشیر حسین نجفی
18 ذی الحجہ 1447ھ |